
کراچی ٹریفک پولیس نے جے یو آئی (ف) کے آج ہونے والے جلسے کے پیشِ نظر خصوصی ٹریفک پلان جاری کیا ہے۔ جلسہ ایم آر کیانی چوک اور آرٹس کونسل کے قریب منعقد ہوگا، جس کے باعث شاہین کمپلیکس سے فوارہ چوک تک سڑک بند رہے گی۔
ٹریفک پولیس کے مطابق ضیاءالدین سگنل سے آنے والی ٹریفک کو کلب چوک اور شاہراہ فیصل کی جانب موڑا جائے گا۔ اسی طرح شاہین کمپلیکس سے پریس کلب جانے والی گاڑیوں کو پی آئی ڈی سی اور شاہراہ فیصل کی طرف بھیجا جائے گا، جبکہ پی آئی ڈی سی سے آنے والی ٹریفک کو آواری کی سمت ڈائیورٹ کیا جائے گا۔
مزید برآں، ریکس سینٹر سے فوارہ چوک جانے والی ٹریفک کو آواری یا کلفٹن کی طرف بھیجا جائے گا، چھتری چوک سے ایم آر کیانی جانے والی گاڑیاں ایس ایم لاء کالج کی طرف منتقل ہوں گی، اور اہلحدیث چوک سے آنے والی ٹریفک کو شارعِ لیاقت پر موڑا جائے گا۔ ٹریفک پولیس نے شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
