
کراچی (کرائم رپورٹر) انوسٹی گیشن پولیس ڈسٹرکٹ کیماڑی نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے گھر میں گھس کے ڈکیتی میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کرلیا، جبکہ ان کے قبضے سے چھینی گئی موٹر سائیکل بھی برآمد کرلی گئی۔ ایس ایس پی انوسٹی گیشن مسرور احمد جتوئی کے مطابق 4 مارچ کو ہاکس بے کی مشرف کالونی میں ہاؤس رابری کا واقعہ پیش آیا تھا، جہاں ملزمان نے گھر میں گھس کر اہل خانہ کو یرغمال بنایا اور نقدی، قیمتی گھڑیاں، موبائل فونز اور موٹر سائیکل لوٹ کر فرار ہوگئے تھے۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ موچکو میں درج کیا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ تفتیشی ٹیم موچکو نے انسپکٹر ارشد تنولی کی سربراہی میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے تینوں ملزمان کو گرفتار کیا۔ گرفتار افراد کی شناخت ذیشان ولد عبد الخالق، مصور خان ولد ارشد علی خان اور قیصر فاروق ولد محمد فاروق کے نام سے ہوئی ہے۔ ایس ایس پی کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور ان سے مزید انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے۔
