
کراچی : صدر بچوں سمیت گاڑی چرا کر فرار ہونیوالے ڈاکو عوام کے ہتھے چڑھ گئے، جس کے بعد مشتعل شہریوں نے ڈاکوؤں کی درگت بنا دی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے صدر میں عید کی خریداری کے لیے آنے والی خاتون سے گاڑی چھین کر فرار ہونے والے دو ڈاکوؤں کو نمائش چورنگی پر شہریوں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔
خاتون صدر بازار میں شاپنگ میں مصروف تھیں کہ دو مسلح ڈاکو ان کی گاڑی چھین کر فرار ہو گئے، ڈاکوؤں کو اس بات کا علم نہیں تھا کہ گاڑی کی پچھلی نشست پر تین بچے سو رہے ہیں۔
دورانِ سفر جب بچے بیدار ہوئے تو انہوں نے شور مچانا شروع کر دیا، ڈاکوؤں نے گھبرا کر نمائش چورنگی کے قریب بچوں کو سڑک پر اتارنے کی کوشش کی۔
بچوں کو اس طرح سڑک پر اتارتے دیکھ کر وہاں موجود شہریوں کو شک ہوا اور انہوں نے فوری طور پر ڈاکوؤں کو گھیر لیا، موقع پر موجود لوگوں نے پولیس کو اطلاع دینے کے ساتھ ساتھ ڈاکوؤں کی جم کر پٹائی کی اور ان کی خوب درگت بنائی۔
اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور دونوں زخمی ڈاکوؤں کو اپنی تحویل میں لے کر تھانے منتقل کر دیا۔
پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے اور گاڑی قانونی کارروائی کے بعد خاتون کے حوالے کر دی جائے گی۔ خوش قسمتی سے تمام بچے محفوظ ہیں۔
