
کراچی(15 مارچ 2026): کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے ایک کامیاب کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم بلوچستان لبریشن فرنٹ (بی ایل ایف) کے ایک اہم کارندے کو گرفتار کر لیا ہے۔
ترجمان کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے مطابق گرفتار دہشت گرد کے قبضے سے 30 بور پستول اور گولیاں برآمد ہوئی ہیں۔
تحقیقات کے حوالے سے ترجمان نے بتایا کہ ملزم کے تانے بانے پڑوسی ملک سے ملتے ہیں، جہاں اس نے تخریب کاری اور آئی ای ڈی لگانے کی باقاعدہ تربیت حاصل کی تھی۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ ملزم کراچی کے علاقے ماڑی پور میں حساس تنصیبات پر آنے جانے والی گاڑیوں کی ریکی کرنے میں مصروف تھا اور اس نے شہر میں ایک پولیس افسر کی ٹارگٹ کلنگ کے لیے بھی ریکی کر رکھی تھی۔
ترجمان سی ٹی ڈی نے مزید انکشاف کیا کہ گرفتار دہشت گرد جعفر ایکسپریس حملے میں ہلاک ہونے والے بی ایل اے کے کارندے ظفر عرف ماما کا ساتھی اور بھانجا ہے۔ ملزم سے تفتیش کا عمل جاری ہے جس کے دوران مزید اہم انکشافات اور نیٹ ورک کی گرفتاریوں کی توقع کی جا رہی ہے۔
