
کراچی: کراچی سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے فی یونٹ قیمت میں 1 روپیہ 73 پیسے اضافے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (NEPRA) کل اس درخواست پر سماعت کرے گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (CPPA) نے اگست کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ (FPA) کی مد میں درخواست جمع کرائی ہے، جس کا اطلاق کے-الیکٹرک (K-Electric) کے صارفین پر بھی ہوگا۔ اگست کے دوران ہائی اسپیڈ ڈیزل سے بجلی کی پیداواری لاگت 54 روپے اور فرنس آئل سے 45.25 روپے فی یونٹ رہی۔ واضح رہے کہ جولائی کی ایڈجسٹمنٹ میں بھی بجلی 2.06 روپے مہنگی کی گئی تھی جبکہ صارفین پہلے ہی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے 52 پیسے فی یونٹ کا اضافی بوجھ برداشت کر رہے ہیں۔
