
کراچی: (کرائم رپورٹر)
کراچی(20 اپریل 2026): سپرہائی وے پر سبزی منڈی کے مرکزی گیٹ کے سامنے مسلح ملزمان نے پیٹرول پمپ کے مالک کو زخمی کر کے 75 لاکھ روپے کی خطیر رقم لوٹ لی۔
تفصیلات کے مطابق حیرت انگیز طور پر یہ واردات پولیس پوسٹ سے چند قدم کے فاصلے پر ہوئی لیکن پولیس بے خبر رہی۔
سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق ایک موٹر سائیکل پر سوار تین ملزمان ایک سفید رنگ کی کار کا پیچھا کر رہے تھے۔ ملزمان نے اسلحے کے زور پر گاڑی کو روکا، جبکہ ایک ملزم نے گاڑی کے آگے موٹر سائیکل لٹا دی تاکہ راستہ بلاک کیا جا سکے۔
ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر ملزمان نے پیٹرول پمپ کے مالک کی ٹانگ پر گولی مار دی جس سے وہ شدید زخمی ہو گئے۔ فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزمان نے گاڑی سے 75 لاکھ روپے نکالے اور جاتے ہوئے گاڑی کے پچھلے ٹائر پر مسلسل گولیاں چلاتے رہے تاکہ پیچھا نہ کیا جا سکے۔
کیش لوٹنے کے بعد ملزمان پہلے پیدل سپرہائی وے کی طرف بھاگے، جہاں انہوں نے صورتحال دیکھنے والے ایک شہری سے موٹر سائیکل چھینی اور اس پر سوار ہو کر باآسانی فرار ہو گئے۔ زخمی پیٹرول پمپ مالک کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ پولیس نے فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔
