
کراچی(15 اپریل 2026): موچکو پولیس کی جانب سے 29 ارب 69 کروڑ ایرانی ریال برآمدگی کے معاملے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق گرفتار ملزمان میں سی ٹی ڈی کوئٹہ کا ایک اہلکار بھی شامل نکلا ہے۔ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ گرفتار کانسٹیبل تاج محمد کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی سفارش کر دی گئی ہے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے لائسنس یافتہ اسلحہ اور گولیاں بھی برآمد ہوئی ہیں، جسے برآمد شدہ کرنسی کے ساتھ ایف آئی اے کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
دورانِ تفتیش ملزم نے انکشاف کیا کہ وہ کوئٹہ میں ایئرپورٹ روڈ کے قریب غازی خان نامی شخص سے ایرانی کرنسی وصول کرتا تھا اور اسے کراچی لا کر سہراب گوٹھ پر ایک نامعلوم شخص کے حوالے کر دیتا تھا۔
ملزم نے اعتراف کیا کہ اسے ایرانی کرنسی کی بین الصوبائی اسمگلنگ کی ایک کھیپ پہنچانے کے عوض 2 لاکھ روپے ملتے تھے۔ پولیس اس نیٹ ورک کے دیگر ملوث افراد کا سراغ لگا رہی ہے۔
