
کراچی(25 اپریل 2026): پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے کرایوں میں اضافے کا اعلان کردیا۔
حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مال بردار گاڑیوں کے کرایوں میں 10 فیصد اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔
پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان نے قیمتوں میں اضافے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کی وجہ سے ملک میں مہنگائی کا طوفان آ رہا ہے۔
پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کا کاروبار پہلے ہی شدید متاثر ہے اور ٹرانسپورٹرز اپنی گاڑیاں نقصان میں چلا رہے ہیں۔
ملک شہزاد اعوان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں پرانے کرایوں پر کام کرنا اب ممکن نہیں رہا، جس کے باعث مجبوراً گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 10 فیصد اضافہ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ قیمتوں میں فوری کمی کی جائے تاکہ عام آدمی اور کاروباری طبقے کو ریلیف مل سکے۔
