
کراچی: پاکستان مسلم لیگ فنکشنل پی ایس-127 ڈسٹرکٹ سینٹرل کے سابقہ صدر امان اللہ اور سابقہ جنرل سیکرٹری حافظ معین الدین نے پی ایس-127 کی غیور عوام اور کراچی کے باشعور شہریوں سے اپیل کی ہے کہ 16 اگست، بروز اتوار، شام 4 بجے شاہراہِ قائدین پر پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والے عوامی احتجاجی جلسے میں بھرپور شرکت کریں۔
اپنے مشترکہ بیان میں امان اللہ اور حافظ معین الدین نے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری، عوامی مسائل اور بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی نے عام شہری کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ موجودہ حالات میں عوام کے مسائل اور ان کے حقوق کے لیے مؤثر اور بھرپور آواز بلند کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ شاہراہِ قائدین پر ہونے والا عوامی احتجاجی جلسہ عوام کے مسائل کو اجاگر کرنے اور حکمرانوں تک عوام کی آواز پہنچانے کا مؤثر ذریعہ ثابت ہوگا۔ کراچی کی عوام مہنگائی، نااہلی اور فرسودہ نظام کے خلاف اپنی آواز بلند کرنے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے پی ایس-127 سمیت کراچی بھر کے عوام سے اپیل کی کہ وہ 16 اگست کو شام 4 بجے شاہراہِ قائدین پہنچ کر اپنی بھرپور شرکت یقینی بنائیں اور یہ واضح پیغام دیں کہ عوام اپنے بنیادی حقوق، عزت، روزگار اور اپنے بچوں کے بہتر مستقبل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا:
"عوام کی طاقت ہی عوام کی آواز ہے۔ مہنگائی کا خاتمہ کرو، عوام کو جینے کا حق دو!”
امان اللہ اور حافظ معین الدین نے کہا کہ پی ایس-127 کی عوام اور کراچی کے باشعور شہری اس عوامی جدوجہد میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور 16 اگست کو شاہراہِ قائدین پر اپنی موجودگی سے عوامی اتحاد کا مظاہرہ کریں۔
