پاکستان کی مدینہ منورہ میں طیبہ بجلی اسٹیشن پر حوثی ملیشیا کے حملے کی شدید مذمت

اسلام آباد: پاکستان نے مدینہ منورہ میں طیبہ بجلی اسٹیشن پر حوثی ملیشیا کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان دفترِ خارجہ سجاد حیدر خان کی جانب سے جاری بیان میں مدینہ منورہ میں طیبہ بجلی اسٹیشن پر حوثی ملیشیا کے حملہ آور اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

ترجمان دفترِ خارجہ کا کہنا تھا کہ مدینہ منورہ میں شہری انفراسٹرکچر پر یہ حملہ انتہائی قابلِ مذمت اقدام ہے۔

انہوں نے وضاحت کی کہ طیبہ پاور ڈسٹری بیوشن اسٹیشن مسجد نبوی ﷺ کو بجلی فراہم کرنے والا اہم ذریعہ ہے، اور اس طرح کا حملہ دنیا بھر کے کروڑوں مسلمانوں کے لیے گہری تشویش، اضطراب اور علاقائی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے۔

پاکستان نے حوثی ملیشیا کے ان لاپروا اور جارحانہ اقدامات کے فوری اور غیر مشروط خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔

ترجمان نے زور دے کر کہا کہ مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ کی حرمت، نمازیوں اور زائرین کی سلامتی کو ہر حال میں یقینی بنایا جانا چاہیے، پاکستان سعودی عرب کی اس کوشش میں اس کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے تاکہ حرمین شریفین کے تحفظ اور زائرین کی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔

ترجمان نے سعودی عرب سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان برادر مملکت سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سیکیورٹی کی مکمل حمایت جاری رکھے گا، پاکستان خطے میں پائیدار امن واستحکام کیلئے ہر ممکن کوشش کرتا رہے گا۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*