پاکستان کو بنانے میں سندھ کا صف اول کا کردار ہے اور ہمیشہ رہے گا: وزیراعلیٰ سندھ

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو بنانے میں سندھ کا صف اول کا کرادار ہے اور ہمیشہ رہے گا، 10 اکتوبر 1938 کو سندھ نے عید گاہ میدان میں ایک قرارداد پیش کی اور پاکستان بننے کے بعد دوبارہ قرارداد پیش کی۔

مزار قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ  آج گورنر اور کابینہ کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری دی ہے، پاکستان کی ترقی کے لیے دعائیں کی ہیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ  قائد اعظم کے اصولوں پر عمل پیرا رہیں اور سب متحد رہیں، بھارت نے ہماری طرف میلی نظر سے دیکھا تو قوم متحد ہو گئی، نوجوانوں سمیت تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگ متحد رہیں۔

وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ مسائل دنیا بھر میں ہوتے ہیں پاکستان میں بھی ہیں، ہم نہیں سمجھتے سیاست میں ناکام ہو گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبے بنانے کی بحث پرانی ہے اور طریقہ کار آئین میں موجود ہے، اگر کسی نے ایڈوینچرزم کرنا ہے تو وہ سندھ اسمبلی سے قرارداد پاس کروائے گا۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ  کئی لوگ آئے، کچھ لندن بھاگ گئے، یہ سندھ کی مٹی ہے، ہم سندھ کی حفاظت کریں گے، بحث کرنی ہے تو کریں ہم تیار ہیں، ہم اپنے صوبے میں کام کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو ہماری جوہری طاقت کے بانی ہیں انہوں  نے شہادت قبول کی مگر گھٹنے نہیں ٹیکے، بینظیربھٹو نے شہادت قبول کی مگر پاکستان کی سالمیت پر آنچ نہیں آنے دی، بلاول بھٹو نے مشکل وقت میں وزارت خارجہ کی باگ ڈور سنبھالی۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں پر اسرائیل کے مظالم کی مذمت کرتا ہوں، مقبوضہ کشمیر میں بھی بھارت کی طرف سے مظالم ڈھائے جا رہے ہیں۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*