پاکستان میں 92 معدنیات دریافت : ذخائر کی مالیت اربوں ڈالر تک جا پہنچی

اسلام آباد : پاکستان میں 92 معدنیات دریافت ہوئی ہیں، 52 تجارتی بنیاد پر نکالی جا رہی ہیں، او جی ڈی سی ایل کے مطابق 8 ٹریلین ڈالر کے ملکی خزانے نے دنیا کی توجہ حاصل کرلی۔

پاکستان میں معدنی وسائل کے وسیع ذخائر کی موجودگی نے ملک کو عالمی سطح پر اہم معدنیات کی نئی منزل بننے کی جانب گامزن کردیا ہے۔

او جی ڈی سی ایل کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں اب تک 92 مختلف معدنیات دریافت ہوچکی ہیں، جن میں سے 52 معدنیات تجارتی بنیادوں پر نکالی جا رہی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان کے معدنی ذخائر کی مجموعی مالیت کا تخمینہ تقریباً 8 ٹریلین ڈالر لگایا گیا ہے، تاہم اس وسیع قدرتی دولت کے باوجود معدنی صنعت کا ملکی معیشت میں حصہ اب بھی محدود ہے اور ملک کی مجموعی جی ڈی پی میں اس شعبے کا حصہ 3 فیصد سے بھی کم ہے۔

رپورٹ کے مطابق مؤثر پالیسیوں، سرمایہ کاری میں اضافے، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور معدنی وسائل کی بہتر تلاش و ترقی کے ذریعے پاکستان اپنی معدنی برآمدات میں نمایاں اضافہ کرسکتا ہے، موجودہ حالات میں معدنی برآمدات تقریباً 3 ارب ڈالر ہیں، جنہیں مناسب اقدامات کے ذریعے بڑھا کر 8 ارب ڈالر سالانہ تک پہنچایا جاسکتا ہے۔

ریکوڈک منصوبہ اہم سنگ میل

رپورٹ میں بلوچستان کے ریکوڈک منصوبے کو پاکستان کا سب سے بڑا غیر ملکی سرمایہ کاری منصوبہ قرار دیا گیا ہے، جو ملک کے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری اور عالمی سطح پر پاکستان کی معدنی صلاحیت کو اجاگر کرنے کے حوالے سے اہم حیثیت رکھتا ہے۔

او جی ڈی سی ایل کے مطابق ریکوڈک منصوبے کے پہلے مرحلے سے پیداوار 2028 کے اختتام تک شروع ہونے کی توقع ہے۔ منصوبے سے سالانہ تقریباً 2 لاکھ 40 ہزار ٹن تانبے اور 2 لاکھ 97 ہزار اونس سونے کی پیداوار متوقع ہے۔

امریکی کمپنی سے معاہدے

رپورٹ کے مطابق پاکستان اور امریکی کمپنی یو ایس اسٹریٹجک میٹلز کے درمیان اہم معدنیات کی ترقی سے متعلق معاہدے بھی طے پا چکے ہیں۔ ان معاہدوں کو پاکستان میں معدنی شعبے میں بین الاقوامی سرمایہ کاری اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا گیا ہے۔

عالمی سرمایہ کاروں کی توجہ

پاکستان میں موجود معدنی امکانات کو عالمی سرمایہ کاروں کے سامنے پیش کرنے کے لیے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 بھی منعقد کیا جا رہا ہے۔

او جی ڈی سی ایل کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے پاس موجود وسیع معدنی وسائل کو جدید ٹیکنالوجی، مؤثر پالیسیوں اور عالمی سرمایہ کاری کے ذریعے معاشی ترقی کے بڑے ذریعے میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق معدنی شعبے میں سرمایہ کاری بڑھنے سے پاکستان کی برآمدات میں اضافہ، درآمدی دباؤ میں کمی اور معیشت کے لیے نئے مواقع پیدا ہوسکتے ہیں۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*