
راولپنڈی : پاک فضائیہ نے قندھار اور ننگرہار میں فضائی حملوں میں افغان فوج کے ہیڈ کوارٹرز اور مہمند دھارا بیس کو تباہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پاک افغان سرحد پر کشیدگی کے بعد پاکستان کی جانب سے شروع کیا گیا "آپریشن غضبِ للحق” میں زمینی اورفضائی کارروائیاں جاری ہے۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ پاک فضائیہ نے قندھار اور ننگرہار میں فضائی حملوں میں افغان طالبان کی عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ کے طیاروں نے قندھار میں افغان فوج کے ہیڈ کوارٹرز کو نشانہ بنا کر مکمل طور پر تباہ کر دیا جبکہ صوبہ ننگرہار میں مہمند دھارا بیس پر دو اہم اہداف کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں وہاں موجود بریگیڈ ہیڈ کوارٹرز صفحہ ہستی سے مٹ گیا ہے۔
ان فضائی اور زمینی کارروائیوں میں افغان طالبان کی عسکری تنصیبات، اسلحہ خانوں اور کمانڈ سینٹرز کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن غضبِ للحق کے نتیجے میں افغان طالبان رجیم کو اب تک کا سب سے بڑا جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا، پاک فوج کی جوابی کارروائی اتنی شدید ہے کہ سرحدی علاقوں میں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے حوصلے پست ہو چکے ہیں۔
سیکیورٹی حکام نے واضح کیا ہے کہ:”پاکستان کی مسلح افواج غیر متزلزل عزم کے ساتھ ملکی سرحدوں کی حفاظت کے لیے سینہ سپر ہیں۔ جب تک افغان سرزمین سے ہونے والی جارحیت مکمل طور پر ختم نہیں ہوتی، یہ کارروائیاں جاری رہیں گی۔”
