
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کے پانی کی ایک ایک بوند ہماری ریڈ لائن ہے بھارت اگر راہ راست پر نہ آیا تو اسے جواب دیں گے۔
یادگار فتح کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعطم شہباز شریف نے کہا کہ دشمن معرکہ حق میں عبرتناک شکست کو ہمیشہ یاد رکھے گا، یادگار فتح قومی اتحاد کی علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم امن چاہتے ہیں ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، ہم اس خطے اور دنیا کو تنازعات سے پاک دیکھنا چاہتے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہم تنازعات کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہوتے دیکھنا چاہتے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ معرکہ حق کی کامیابی میں پاک فضائیہ اور بحریہ کے سربراہان کی قیادت میں افواج کا کردار لائق تحسین ہے، یادگار فتح ہمارے عزم و ہمت اور مسلح افواج کی مہارت اور برتری کی علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ 8 ماہ میں شاندار یادگار فتح کی تعمیر فیلڈ مارشل عاصم منیر کی خصوصی دلچسپی کا نتیجہ ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ چین اور پاکستان کی دوستی ہمالیہ سے بلند اور چٹان سے زیادہ مضبوط ہے، چین ہرمشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا رہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آنے والے وقت میں پاکستان اور امریکا کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے، ہم افغانستان میں بھی امن چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے، فلسطینیوں کے حقوق کے لیے بھی اپنے اصولی موقف پر قائم ہیں۔
