کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ اب سرکاری دفاتر میں فائلیں نہیں ہوں گی رجسٹرز آفس آفس نہیں گھومے گا بلکہ تمام محکموں کو کمپیوٹرائز کیا جائے گا محکمہ انفارمیشن، سائنس و ٹیکنالوجی کو ای آفس ایپ بنانے کا حکم دےدیا یہ ایپ مختلف مراحل میں تمام محکموں میں رائج کی جائے گی تاکہ بچت، شفافیت اور سرکاری کاموں کی رفتار کو تیز کیا جاسکے وزیراعلیٰ سندھ نے یہ ہدایات پیر کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔
اجلاس میں چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، وزیراعلیٰ کے سیکریٹری رحیم شیخ، سیکریٹری آئی ٹی نور سموں، سیکریٹری سروس غلام علی برہمانی اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ سرکاری محکموں میں گورنمنٹ رولز آف بزنس 1986 کے تحت سرکاری کام کاج کےلیے مینوئل خط و کتابت کی جگہ کمپیوٹر کے ذریعے احکامات کا تبادلہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ان کا منصوبہ ہے کہ سرکاری محکوموں میں ڈیجیٹل سسٹم یا ای آفس کے ذریعے کاغذی کام کو ختم کیا جائے پہلے مرحلے میں ہر محکمہ اپنا کام ڈیجیٹل سسٹم پر کرے اور آہستہ آہستہ دوسرے محکموں کے ساتھ جڑ جائے۔
سیکریٹری انفارمیشن، سائنس و ٹیکنالوجی نو سموں نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ ای آفس اپلیکیشن پہلے مرحلے میں نو محکموں میں رائج کی جائے گی ان میں محکمہ آئی ٹی، محکمہ برائے بحالی معذورین ،محکمہ اقلیتی امور، محکمہ سماجی بہبود، محکمہ بحالیات، محکمہ معدنیات و کان کنی، محکمہ بین الصوبائی رابطہ، محکمہ کالج تعلیم اور اسٹیوٹا میں شامل ہیں۔
سیکریٹری آئی ٹی نے مختلف محکموں میں ای آفس ایپ رائج کرنے کےلیے متعلقہ افسران کی تربیت شروع کردی گئی ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں مزید محکموں میں ای آفس منصوبے پر عملدرآمد کے حوالے سے وہ جلد رپورٹ پیش کریں گے۔
چیف سیکریٹری نے وزراعلیٰ کو بتایا کہ ڈپٹی کمشنر سکھر کے دفتر میں ای سروس کا آغاز کردیا گیا ہے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور مختیارکاروں کو ای سروس کے ساتھ جوڑ دیا گیا ہے اب ڈومیسائل، وراثتی اسناد، محصولات سے متعلق درخواستیں ڈیجیٹل طریقے سے وصولی اور نمٹائی جا رہی ہیں۔