وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا گندم فروخت کی حد ختم کرنے کا فیصلہ

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گندم فروخت کی حد ختم کرنے کا فیصلہ  کرتے ہوئے گندم خریداری مہم تیز کرنے اور آباد گاروں کو فوری ادائیگیاں یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت گندم کی خریداری سے متعلق اجلاس ہوا۔ جس میں انہوں نے گندم فروخت کی حد ختم کرنے کا بڑا فیصلہ بھی کیا۔ 

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ اب چھوٹے آبادگار بغیر کسی پابندی کے گندم فروخت کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فی ایکڑ پانچ بوری کی شرط ختم کرنے سے ہاریوں کو بڑا ریلیف ملے گا۔

 وزیراعلیٰ سندھ نے گندم خریداری مہم تیز کرنے اور آبادگاروں کو فوری ادائیگیاں یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ 

اجلاس میں وزیر خوراک مخدوم محبوب الزمان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گندم خریداری مہم یکم اپریل سے جاری ہے۔ سندھ حکومت نے 10 لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدنے کا ہدف مقرر کیا ہے جبکہ صوبے میں تقریباً 19 لاکھ 40 ہزار ایکڑ پر گندم کاشت کی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ نے ادائیگیوں کے نظام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بروقت ادائیگی ہاریوں کے اعتماد کے لیے نہایت اہم ہے۔ 

انہوں نے ہدایت دی کہ تمام اہل آبادگار اپنی گندم سرکاری خریداری مراکز پر فروخت کریں تاکہ غذائی تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ 

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ حکومت کو گندم فروخت کرنے والے آبادگار مستقبل کی سبسڈی کے اہل ہوں گے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*