
کراچی : نہال ہاشمی آج نئے گورنر سندھ کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے، چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ ان سے عہدے کا حلف لیں گے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما نہال ہاشمی آج نئے گورنر سندھ کے طور پر اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔
تقریبِ حلف برداری آج شام 4 بجے گورنر ہاؤس کراچی کے تاریخی دربار ہال میں منعقد ہوگی۔
تقریب کے دوران چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نہال ہاشمی سے ان کے عہدے کا حلف لیں گے۔
گورنر ہاؤس کے دربار ہال میں تقریب کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جس میں سیاسی و سماجی شخصیات کی بڑی تعداد میں شرکت متوقع ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بھیجی گئی سمری پر دستخط کرتے ہوئے نہال ہاشمی کی بطور گورنر سندھ تعیناتی کی باضابطہ منظوری دی تھی۔
اس اہم تعیناتی کے بعد نہال ہاشمی نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات بھی کی، جہاں وزیراعظم نے انہیں نئی ذمہ داریوں پر مبارکباد دی۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی نہال ہاشمی کو گورنر سندھ تعینات ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔
سیاسی حلقے اس تعیناتی کو وفاقی حکومت اور اتحادیوں کے درمیان بہتر ورکنگ ریلیشن شپ کی جانب ایک اہم قدم قرار دے رہے ہیں۔
