میر رضا قتل کیس: مشکوک گیسٹ ہاؤس سیل، سوئفٹ کار میں سوار افراد سمیت 10 مزید حراست میں، شاملِ تفتیش افراد کی تعداد 19 ہو گئی

کراچی : میر رضا قتل کیس سے منسلک مشکوک گیسٹ ہاؤس کو سیل کر دیا گیا، اب تک کیس میں مجموعی طور پر 19 افراد شامل تفتیش ہیں۔

تفصیلات کے مطابق نوجوان تاجر میر رضا علی کے پراسرار قتل کیس کی تفتیش میں مزید سنسنی خیز پیشرفت سامنے آئی، پولیس نے گلستانِ جوہر میں واقع مشکوک گیسٹ ہاؤس کو سیل کر کے عملے کے 6 افراد سمیت سوئفٹ کار میں آنے والے مزید 4 افراد کو حراست میں لے لیا ۔

پولیس ذرائع کے مطابق کیس میں اب تک مجموعی طور پر 19 افراد کو شاملِ تفتیش کیا جا چکا ہے، زیرحراست افراد سے نئی تحقیقاتی ٹیم بھی سوالات کرے گی۔

یاد رہے کہ میر رضا علی کا 28 جولائی کو جن افراد سے رابطہ ہوا تھا، پولیس نے ان افراد سے تفتیش کا فیصلہ کیا۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق 28 جولائی کو آخری فون کالز اور میسجز بھیجنے والے افراد سے تفتیش کا فیصلہ کیا گیا ہے، میر رضا علی نے اس روز تین ٹیلیفون کالز پر دو افراد سے بات چیت کی تھی۔

تفتیشی ذرائع نے بتایا تھا کہ میر رضا علی نے 28 جولائی کی شب 2:13 اور 2:16 بجے فون پر علی نامی شخص سے بات چیت کی جبکہ اس نے آخری فون کال اپنے دوست عبداللہ کی ریسیو کی، میر رضا علی اور عبداللہ کے درمیان 3 منٹ سے زیادہ بات ہوئی۔

واضح رہے کہ 25 سالہ تاجر میر رضا علی 28 جولائی کو لاپتہ ہوئے تھے، جس کے اگلے روز ان کی گولی لگی لاش گلستانِ جوہر کے شاہی قلعہ گراؤنڈ کے قریب جھاڑیوں سے برآمد ہوئی تھی۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*