
کراچی : میر رضا قتل کیس میں تفتیشی افسر میڈیکل اور تفتیشی رپورٹ پیش کرنے میں ناکام رہا ، جس پر عدالت نے آئندہ سماعت پر پروگریس اور میڈیکل رپورٹ بھی پیش کرنے کا حکم دیا۔
کراچی کی جوڈیشل مجسٹریٹ (شرقی) کی عدالت میں معروف تاجر میر رضا قتل کیس کی سماعت ہوئی، جہاں تفتیشی افسر واقعے کی پیش رفت اور مقتول کی میڈیکل رپورٹ پیش کرنے میں ناکام رہے۔
سماعت کے دوران نئے تفتیشی افسر ڈی ایس پی سراج نے عدالت کو بتایا کہ انہیں اس کیس کی تفتیش حال ہی میں موصول ہوئی ہے، فی الوقت جائے وقوعہ کا معائنہ اور کیس سے جڑے افراد کے بیانات ریکارڈ کیے جا رہے ہیں، جس کی وجہ سے رپورٹس مرتب کرنے کے لیے مزید وقت درکار ہے۔
تفتیشی افسر نے مزید تفتیش آگے بڑھانے کے لیے مقتول کی موبائل سم نکلوانے کے لیے عدالت میں درخواست دائر کی۔
اس پر عدالت نے استفسار کیا کہ "مقتول کی سم کیسے حاصل کریں گے؟ تفتیشی افسر نے جواب دیا کہ مقتول کی والدہ کے بائیو میٹرک اور شناختی کارڈ کی مدد سے سم حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی تاکہ موبائل ڈیٹا اور رابطوں کا جائزہ لے کر تفتیش کو آگے بڑھایا جا سکے۔
عدالت نے تفتیشی افسر کی استدعا منظور کرتے ہوئے رپورٹس پیش کرنے کے لیے مزید مہلت دے دی اور کیس کی مزید سماعت 24 اگست تک ملتوی کر دی۔
عدالت نے تفتیشی افسر کو آئندہ سماعت پر مقدمے کی پروگریس اور مقتول کی میڈیکل رپورٹ لازمی پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
