
کراچی: میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی زیرِ صدارت محکمہ ریکریشن کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہر کے تفریحی مقامات اور وائلڈ لائف سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں کراچی زو اور سفاری پارک کو انتظامی اور مالی طور پر مزید بااختیار بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
میئر کراچی نے وائلڈ لائف ویلفیئر کے حوالے سے سہولیات بہتر بنانے، جانوروں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے اور کراچی زو میں جھولوں اور اینیمل انکلوژرز کو الگ کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے آرگینک فارمنگ اور پلانٹیشن ڈرائیو شروع کرنے پر بھی زور دیا۔ اجلاس میں میونسپل کمشنر کراچی سمیرا حسین، مشیرِ مالیات گلزار علی، سینئر ڈائریکٹر ریکریشن اخلاق احمد یوسفزئی، ڈائریکٹر میڈیا دانیال سیال اور دیگر افسران نے شرکت کی۔
