
کراچی: میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے پہلی ای کچہری کا انعقاد کر کے صفائی، سڑکوں، پانی اور سیوریج سے متعلق شہریوں کی براہِ راست شکایات سنیں۔ میئر کراچی نے متعلقہ محکموں اور افسران کو شہریوں کے درپیش مسائل پر فوری کارروائی کا حکم دیا اور ہدایت کی کہ جو مسائل موقع پر حل ہو سکتے ہیں انہیں فوری حل کیا جائے، جبکہ دیگر فوری نوعیت کے مسائل کو 24 گھنٹوں کے اندر حل کر کے پیشرفت سے شہریوں کو آگاہ رکھا جائے۔ مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ ای کچہری کا بنیادی مقصد شہریوں کو بلدیاتی نظام تک براہِ راست رسائی دینا اور بلا تاخیر فوری ریلیف فراہم کرنا ہے۔
