
کراچی: میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی آرٹس کونسل آف پاکستان کے زیر اہتمام ہونے والے ورلڈ کلچر فیسٹیول میں بطور پارٹنر بھرپور تعاون کرے گی، فیسٹیول کی مختلف تقریبات کے لیے بارہ دری، برنس گارڈن سمیت دیگر موزوں مقامات فراہم کیے جائیں گے، جبکہ سڑکوں، صفائی اور دیگر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لیے بھی تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔یہ بات انہوں نے صدر آرٹس کونسل آف پاکستان احمد شاہ سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں میونسپل کمشنر کے ایم سی ابرار جعفر، مشیر مالیات گلزار ابڑو اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی میں عالمی سطح کے ثقافتی پروگرام کا انعقاد شہر کے لیے باعثِ اعزاز ہے، ایسے پروگرام نہ صرف کراچی کی ثقافتی شناخت کو دنیا کے سامنے اجاگر کرتے ہیں بلکہ مختلف ممالک سے آنے والے فنکاروں کو شہر کے ثقافتی ماحول سے روشناس کرانے کا بھی ذریعہ بنتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی کے شہریوں کو معیاری ثقافتی اور تفریحی سرگرمیوں کی فراہمی کا اہم موقع ہے، جس کے لیے کے ایم سی اور میئر آفس آرٹس کونسل کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے۔میئر کراچی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ فیسٹیول کی تیاریوں کے سلسلے میں آرٹس کونسل کے حکام سے مسلسل رابطہ رکھا جائے اور تمام ضروری بلدیاتی سہولیات بروقت فراہم کی جائیں۔ انہوں نے ڈی جی پارکس اور سینئر ڈائریکٹر کلچر کو بھی فیسٹیول کے لیے مقامات، پارکس، سڑکوں اور دیگر میونسپل انتظامات کو آرٹس کونسل کے ساتھ مشاورت سے حتمی شکل دینے کی ہدایت کی۔مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ کراچی میں ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ اور شہر کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
