
اسلام آباد : صدر مملکت آصف علی زرداری نے ملک بھر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیتے ہوئے کمی کے لیے ہنگامی اقدامات کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ملک میں بڑھتی ہوئی بجلی کی لوڈشیڈنگ کا نوٹس لے لیا اور حکومت کو ہدایت کی ہے کہ عوام کی مشکلات کم کرنے کے لیے لوڈشیڈنگ کے دورانیے کو کم سے کم کیا جائے۔
ایوانِ صدر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ صدر زرداری نے توانائی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بجلی کی لوڈشیڈنگ میں کمی لانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بجلی کی فراہمی کے نظام میں بہتری لائی جائے تاکہ گرمی کے موسم میں شہریوں کو ریلیف مل سکے۔
بجلی کے بحران کے ساتھ ساتھ صدر مملکت نے پانی کے مسئلے پر بھی سخت موقف اختیار کیا، انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کے آبی حقوق کا ہر صورت تحفظ کیا جائے، اس حوالے سے بین الاقوامی سطح پر ضروری سفارتی اور قانونی اقدامات فوری طور پر کیے جائیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ توانائی کا حصول اور پانی کا تحفظ ملک کی بقا اور معاشی استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔
انہوں نے حکومت کو مشورہ دیا کہ وہ طویل مدتی منصوبوں کے ساتھ ساتھ فوری طور پر ایسے انتظامی اقدامات کرے جن سے عام آدمی کو ریلیف مل سکے۔
