پاکستان کے معروف میک اپ آرٹسٹ واجد خان نے بھی دیگر فنکاروں کی طرح ثناء جاوید کے منفی رویے کے خلاف اپنی آواز بُلند کرلی۔
واجد خان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک طویل پوسٹ شیئر کی جس میں اُنہوں نے بتایا کہ کس طرح ثناء جاوید نے اُن سے اُن کا کام چھینا تھا۔
میک اپ آرٹسٹ نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ ’میں عام طور پر ایسے مسائل سے دور رہتا ہوں، اس کی وجہ یہ ہے کہ میں کسی کو نیچا دِکھانا نہیں چاہتا لیکن میں ثناء جاوید کے بارے میں سُن کر زیادہ حیران نہیں ہوں کیونکہ یہ ان کے ساتھ کام کرنے والے ہر فرد کے لیے بار بار کا مسئلہ رہا ہے۔‘
اُنہوں نے ثناء جاوید کے ساتھ اپنا تجربہ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ’میرے برانڈ کو ایک پراجیکٹ کے لیے میک اپ آرٹسٹ کے طور پر سائن کیا گیا تھا اور جب میں ثناء جاوید کا میک اپ کر رہا تھا تو میں نے ثناء جاوید کو کچھ آئیدیاز تجویز کیے تاکہ وہ اسکرین پر زیادہ اچھی نظر آئیں جبکہ میں نے ان آئیدیاز کے ساتھ پاکستان، امریکا اور بھارت میں بڑی اسکرین کی اداکاراؤں کے ساتھ کام کیا ہے۔‘
واجد خان نے کہا کہ ثناء جاوید پروڈیوسر کے پاس گئیں اور کہا کہ واجد تو میری برائیاں کر رہا ہے اور میں ان کے ساتھ کام کرنے میں آرام دہ نہیں ہوں، لہٰذا مجھے اس منصوبے سے پیچھے ہٹنے کو کہا گیا کیونکہ ثناء جاوید نے پروڈیوسر کو ایسا کرنے پر مجبور کیا۔‘میک اپ آرٹسٹ نے کہا کہ ’میں نے آئیفا اور مس یونیورس میں بہت بڑے ناموں کے ساتھ کام کیا ہے لیکن میں نے کسی کو نہیں دیکھا جو ثناء جاوید کی طرح بدتمیز ہو۔‘
اُنہوں نے ثناء جاوید کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ آپ کو لوگوں کے ساتھ گیم کھیلنے کی بجائے اپنی اداکاری پر زیادہ توجہ دینی چاہیے، ہم سب فنکار ہیں اور اتنے ہی اہم ہیں جتنے کہ سیٹ پر موجود کوئی بھی۔‘
واجد خان نے مزید کہا کہ ’اگر ثناء جاوید ساتھی فنکاروں کی عزت کرنا نہیں جانتی تو انڈسٹری کو ایسے منفی لوگوں کے ساتھ کام نہیں کرنا چاہیے۔‘
واضح رہے کہ پاکستانی فلم و ڈرامہ اداکارہ ثناء جاوید کے نامناسب رویئے سے متعلق سوشل میڈیا پر اس وقت شوبز انڈسٹری کے دیگر فنکاروں کی جانب سے کی جانے والی متعدد پوسٹس وائرل ہیں۔ثناء جاوید کے لیے سوشل میڈیا پر متعدد شوبز انڈسٹری کی شخصیات اپنے ناگوار تجربات سے متعلق پوسٹس شیئر کر کے اُن کے چھپے ہوئے دوسرے چہرے سے پردہ اٹھا رہے ہیں جن پر انٹرنیٹ صارفین حیران و پریشان نظر آ رہے ہیں۔