
کراچی (19 مارچ 2026): شہر قائد میں گزشتہ شب ہونے والی طوفانی بارش کے بعد آج بھی آسمان پر سیاہ بادل چھائے ہوئے ہیں اور ہلکی بارش جاری ہے۔
کراچی میں گزشتہ شب ہونے والی طوفانی بارش کے بعد شہر قائد کی سڑکوں پر پانی جمع ہے اور آج بھی آسمان کو سیاہ بادلوں نے گھیرا ہوا ہے جب کہ کئی علاقوں میں ہلکی بارش جاری ہے۔
محکمہ موسمیات نے آج شہر میں کہیں تیز اور کہیں موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی ہے جب کہ بارش کے ساتھ طوفانی ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔
دریں اثنا گزشتہ شب سب سے زیادہ بارش کورنگی میں 55.6 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔ بارش کے بعد رات میں خنکی محسوس کی گئی جب کہ آج صبح مطلع ابر آلود ہونے کے ساتھ موسم خوشگوار ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
