2022 سے ستمبر 2026 تک ٹرینیں پٹری سے اترنے کے واقعات کی بڑی وجہ ریلوے ٹریک کی خرابی بنی، قومی اسمبلی میں بریفنگ

قومی اسمبلی اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے انکشاف کیا ہے کہ جنوری 2022ء سے ستمبر 2026ء کے دوران ملک بھر میں ٹرینیں پٹری سے اترنے کے 349 واقعات پیش آئے۔ ان حادثات کی سب سے بڑی وجہ ریلوے ٹریک کی خرابی بنی، جبکہ 95 واقعات عملے کی غفلت اور 64 رولنگ اسٹاک کی خرابی کے باعث ہوئے؛ 331 تحقیقات مکمل ہو چکی ہیں جبکہ 120 مقدمات زیرِ التوا ہیں۔ حادثات پر قابو پانے کے لیے ایم ایل ون (ML-1) کے تحت کراچی سے روہڑی تک 480 کلومیٹر نیا ٹریک بچھانے کے لیے ڈھائی ارب ڈالر کا منصوبہ شامل کیا گیا ہے۔
دوسری جانب، وزیرِ قومی صحت سید مصطفیٰ کمال کے تحریری جواب میں بتایا گیا کہ اسلام آباد میں جون سے ستمبر 2026ء تک ڈینگی کے 7 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 214 ایف آئی آرز درج کی گئیں۔ مزید برآں، ایوان کو آگاہ کیا گیا کہ ایچ آئی وی کے خاتمے کے لیے 2026ء تا 2031ء قومی حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے اور ہیپاٹائٹس سی کے لیے مفت اسکریننگ و علاج کا پروگرام جاری ہے۔ اجلاس میں نجکاری کمیشن اور اوگرا ترمیمی آرڈیننس پیش کیے گئے جبکہ ’لائف انشورنس نیشنلائزیشن ترمیمی بل 2026ء‘ منظور کر لیا گیا۔
