
ارجنٹینا کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی نے انٹرنیشنل فٹبال کو خیرباد کہہ دیا، میسی نے افریقی ملک بینن کے خلاف دوستانہ میچ میں آخری گول کرکے 21 سالہ کریئرکو الوداع کہا۔
بیونس آئرس میں بینن کے خلاف کھیلےگئے اپنے 208 ویں اور آخری میچ میں 39 سالہ لیونل میسی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 1 گول سکور کیا اور 2 گولز میں معاونت کی، جس کی بدولت ارجنٹینا نے 0-3 سے فتح حاصل کی۔
85 ہزار سے زائد تماشائیوں سے بھرے اسٹیڈیم میں مداحوں اور ساتھی کھلاڑیوں نے لیونل میسی کو جذباتی انداز میں خراج تحسین پیش کیا۔
لیونل میسی ارجنٹینا کی جانب سے سب سے زیادہ میچ کھیلنے اور سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی ہیں۔ ارجنٹینا کی جانب سے میسی نے 208 میچز میں 126 گول کیے۔ انہوں نے 6 ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں شرکت کی اور 21 ورلڈکپ گول کیے۔ ان کی قیادت میں ارجنٹینا نے 2021 اور 2024 کوپا امریکا جب کہ 2022 کا فیفا ورلڈکپ جیتا۔
قومی ٹیم سے ریٹائرمنٹ کے باوجود میسی کلب فٹبال میں انٹر میامی کی نمائندگی جاری رکھیں گے۔ وہ 8 مرتبہ بیلن ڈی اور جیتنے والے دنیا کے واحد فٹبالر بھی ہیں۔
میچ کے اختتام پر لیونل میسی نے جذباتی خطاب میں کہا کہ ارجنٹینا کی قومی ٹیم کے لیے کھیلنا ان کی زندگی میں ہونے والی سب سے خوبصورت چیز ہے، وہ قومی ٹیم کی شرٹ اور شائقین کو بہت یاد کریں گے اور اب ٹیم کے ساتھ بطور حامی کھڑے رہیں گے۔
