
اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان عالمی سطح پر جاری کشیدگی کے پیش نظر کسی بھی قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت عالمی صورتحال کے پیش نظر کسی بھی ممکنہ چیلنج سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور ملکی معیشت کے استحکام کے ساتھ ساتھ عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم کی زیرصدارت ملکی معیشت کے استحکام اور عوامی ریلیف سے متعلق اقدامات پر ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں موجودہ عالمی حالات کے تناظر میں معیشت پر خصوصی توجہ دینے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے مزید اقدامات پر غور کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بروقت فیصلوں کی بدولت ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی مناسب مقدار موجود ہے اور صورتحال کے پیش نظر قائم کی گئی کمیٹی کے فیصلوں کے نتیجے میں تیل کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ قومی سطح پر کفایت شعاری اور بچت کے اقدامات کا نفاذ ہوچکا ہے اور متعلقہ اداروں کو ان تمام نافذالعمل اقدامات پر مکمل عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
وزیراعظم نے کفایت شعاری اور بچت کے اقدامات کی شفاف نگرانی کیلئے تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کی بھی ہدایت دی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات فوری ریلیف کے ساتھ ساتھ طویل مدتی معاشی استحکام کو مدنظر رکھ کر کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی تقسیم کار کمپنیوں کو ہدایت کی کہ وہ مقرر کردہ نرخوں پر تیل کی فروخت یقینی بنائیں۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم کو ملک میں موجود تیل کے ذخائر اور پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔
