
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے بھر کی فیکٹریوں میں موجود ہر قسم کے کیمیکلز کے آڈٹ کا حکم دے دیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے شیرشاہ سائٹ ایریا فیکٹری میں آگ لگنے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر کے ہنگامی اقدامات کے ساتھ ساتھ زخمیوں کو فوری طبی امداد دینے کی ہدایت کر دی۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ اداروں کو ریسکیو آپریشن تیز کرنے کی ہدایت بھی کی۔
انہوں نے حکم دیا کہ صوبے بھر کی فیکٹریوں میں ہر قسم کے کیمیکلز کا آڈٹ کیا جائے خطرناک کیمیکلز کے ذخیرے اور استعمال کا ریکارڈ مرتب کیا جائے، صنعتی یونٹس میں کیمیکل سیفٹی پروٹوکول پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ فیکٹریوں میں فائر سیفٹی اور کیمیکل اسٹوریج کا فوری معائنہ کیا جائے اور آڈٹ رپورٹ فوری وزیراعلیٰ آفس کو پیش کی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام اور مزدوروں کی جانوں سے کھیلنےکی اجازت نہیں دی جائے گی۔
