
کراچی (08 اگست 2026): پانی کے سب سے بڑے منصوبے کے فور کے لیے 172 ارب روپے کے نظر ثانی شدہ لاگت کی منظوری عمل میں آ گئی ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے کراچی کے عوام کے لیے پانی کی فراہمی کا ایم کیو ایم کا دیرینہ مطالبہ پورا کر دیا، جس پر وزیر اعظم اور وزیر منصوبہ بندی شکریے کے مستحق ہیں۔
ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ مسلسل کوششوں سے آج یہ کامیابی حاصل ہوئی ہے، کے فور کے لیے ایکنک کی جانب سے 172 ارب روپے کی نظرِ ثانی شدہ لاگت کی منظوری کا خیر مقدم کرتے ہیں، اس منظوری کے بعد منصوبے کے لیے فنڈز کی فراہمی کی راہ ہموار ہو جائے گی۔
ایم کیو ایم نے کہا کہ برسوں سے تعطل کے شکار کے فور منصوبے پر تیزی سے عملی کام آگے بڑھ سکے گا، کراچی کے شہری طویل عرصے سے پانی کے شدید بحران کا سامنا کر رہے ہیں، اس منصوبے کی تکمیل شہر کے کروڑوں عوام کے لیے ریلیف کا باعث بنے گی۔
ایم کیو ایم کے مطابق اس اہم پیش رفت میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور پارلیمانی سیکریٹری برائے آبی وسائل رعنا انصار کی جدوجہد اور مؤثر کوششوں نے کلیدی کردار ادا کیا، پارٹی قیادت نے متعلقہ فورم پر کراچی کے عوام کے حقِ آب کی بھرپور وکالت کی۔ اس سے امید پیدا ہوئی ہے کہ کے فور اسکیم جلد مکمل ہو جائے گا اور کراچی کے عوام کو پانی کی قلت اور ٹینکر مافیا کے استحصال سے نجات مل سکے گی۔
