فیک نیوز نہیں چلے گی: سندھ حکومت کا سائبر کرائم ایجنسی کی معاونت سے سخت ایکشن کا فیصلہ

کراچی(رپورٹ: کامران شیخ) سندھ حکومت نے فیک نیوز اور گمراہ کن اطلاعات کی روک تھام کے لیے محکمہ اطلاعات میں مؤثر مانیٹرنگ نظام قائم کرنے اور نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) سے تعاون مزید بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے, فیصلہ وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ اطلاعات کے اہم اجلاس میں کیا گیا اجلاس میں سیکریٹری اطلاعات کاشف گلزار شیخ، ڈی جی اطلاعات معز پیرزادہ اور محکمہ اطلاعات کے تمام ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔شرجیل انعام میمن نے ہدایت کی کہ مین اسٹریم اور سوشل میڈیا پر فیک نیوز اور گمراہ کن اطلاعات کی روزانہ کی بنیاد پر جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مانیٹرنگ کی جائے اور جھوٹی خبر کی نشاندہی، تصدیق اور بروقت تدارک کے لیے مؤثر نظام وضع کیا جائے سینئر وزیر نے کہا کہ جھوٹی اور گمراہ کن اطلاعات کے ذریعے کسی بھی شخص یا ادارے کو نقصان پہنچانے کی کوشش برداشت نہیں کی جائے گی۔ فیک نیوز بنانے اور پھیلانے میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے NCCIA سے معاونت حاصل کی جائے گی انہوں نے سیکریٹری اطلاعات اور تمام متعلقہ ڈائریکٹرز کو فیک نیوز کی مؤثر نگرانی کے ساتھ ساتھ ایسی میڈیا حکمت عملی تیار کرنے کی بھی ہدایت کی جس کے ذریعے غلط معلومات کا بروقت توڑ کیا جاسکے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت کے بیانیے کی بنیاد امن، رواداری، بین الصوبائی ہم آہنگی اور قومی اتحاد پر ہے، اس بیانیے کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اضافی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے محکمہ اطلاعات کو ہدایت کی کہ سندھ حکومت کے مثبت اور تعمیری اقدامات کو عوام تک پہنچانے کے لیے جدید ذرائع ابلاغ سے بھرپور استفادہ کیا جائے اور معاشرے کے تمام طبقات کے نمائندوں کو بھی حکومت کے بیانیے کا حصہ بنایا جائے۔ واضح رہے کہ گذشتہ ماہ شرجیل انعام میمن نے اپنے اور اپنے بیٹے کے خلاف سوشل میڈیا پر مبینہ جھوٹے اور من گھڑت الزامات کی تشہیر کے معاملے پر بھی NCCIA سے رجوع کیا تھا۔ بعد ازاں NCCIA نے شکایت کی بنیاد پر بعض افراد کو طلب کرنے اور متعلقہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے حوالے سے کارروائی شروع کرنے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔ محکمہ اطلاعات کے اجلاس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ فیک نیوز کی مانیٹرنگ کے ساتھ سندھ حکومت کے مثبت اور تعمیری بیانیے کی مؤثر ترویج کو بھی یقینی بنایا جائے

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*