سندھ میں ایم ڈی کیٹ نتائج پر بے ضابطگیوں کی شکایات: وفاقی وزیر صحت کا نوٹس، پی ایم ڈی سی سے 15 روز میں رپورٹ طلب

اسلام آباد: سندھ میں ایم ڈی کیٹ کے نتائج میں بے ضابطگیوں کی شکایات پر وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے تحقیقات کے لیے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) کے صدر کو مراسلہ لکھ دیا ہے۔

مراسلے میں پی ایم ڈی سی کو ہدایت کی گئی ہے کہ ایم ڈی کیٹ کے نتائج کے تناظر میں سینٹر وائز امیدواروں کی تعداد، نمبرز، پاس ریٹ اور ہائی اسکورز کا تجزیہ کیا جائے۔

مراسلے کے مطابق وفاقی وزیر صحت کی جانب سے ایم ڈی کیٹ مراکز کے نتائج میں غیر معمولی یا نمایاں فرق کی بھی جانچ کی ہدایت کی گئی ہے، اور کہا گیا ہے کہ حاضری شیٹس، سیٹنگ پلان، سینٹر ریکارڈ اور رزلٹ ڈیٹا کا جائزہ لیا جائے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ایم ڈی کیٹ امتحان کے انویجیلیشن انتظامات اور دستیاب ڈیجیٹل ریکارڈ بھی چیک کیے جائیں، مال پریکٹس، غیر مجاز معاونت، امیدوار کی جگہ دوسرے شخص کے امتحان دینے اور پیپر لیک کے الزامات کی تحقیقات بھی کی جائیں۔

مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ پی ایم ڈی سی طریقہ کار کی خلاف ورزی، تکنیکی خرابی یا انتظامی غفلت کی جانچ کرے، اور ایم ڈی کیٹ نتائج کی تیاری اور امتحان کے انعقاد سے متعلق رپورٹس اور ریکارڈ حاصل کیا جائے۔

بے ضابطگی یا بدعنوانی سے امتحان کے نتائج متاثر ہونے کی صورت میں ذمہ داروں کا تعین کیا جائے گا، وزارت صحت نے پی ایم ڈی سی کو تحقیقات مکمل کر کے 15 روز میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*