
اسلام آباد (04 مارچ 2026): سعودی عرب نے پاکستان کی بندرگاہ یانبو کے ذریعے متبادل تیل سپلائی روٹ کی درخواست پر مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے سعودی سفیر نواف سعید المالکی سے ملاقات کی، انھوں نے کہا سعودی ذرائع نے بحیرہ احمر میں واقع بندرگاہ یانبو کے ذریعے سپلائی کی سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائی ہے۔
علی پرویز ملک کے مطابق پاکستان کے لیے خام تیل اٹھانے کے لیے ایک جہاز کو پاکستان سے بندرگاہ یانبو روانہ کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی، وفاقی وزیر نے کہا سعودی عرب کی اس وقت میں پاکستان کی سپورٹ پر شکرگزار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ بندرگاہ یانبو سے تیل کی سپلائی میں پاکستان کو ترجیح دی جائے گی، سعودی سفیر نے کہا کسی بھی ہنگامی ضرورت کے پیشِ نظر پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھیں گے، اور پاکستان اور سعودی عرب آزمائش میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔
حکومتِ پاکستان توانائی کی سپلائی چین کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے، پاکستان کی بیشتر پیٹرولیم سپلائی آبنائے ہرمز کے راستے آتی ہے۔ علی پرویز ملک نے کہا کہ ان حالات میں سعودی عرب جیسے برادر ممالک کی حمایت پاکستان کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔
