
کراچی (ٹیکنالوجی ڈیسک) سام سنگ کو ایک نئے تنازعے کا سامنا ہے کیونکہ اس کی سستی گیلیکسی A اور M سیریز کی ڈیوائسز میں اسرائیلی کمپنی IronSource کی ایپ AppCloud پہلے سے نصب ہونے کے انکشاف پر صارفین میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ ایپ فون کے آپریٹنگ سسٹم کا حصہ ہے، جسے مکمل طور پر حذف کرنا ممکن نہیں۔ حتیٰ کہ اگر صارف اسے غیر فعال کر دے تو سسٹم اپ ڈیٹس کے بعد یہ دوبارہ متحرک ہو جاتی ہے، اور پسِ پردہ غیر ضروری ایپس انسٹال کرنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہے۔
ڈیجیٹل ماہرین کے مطابق AppCloud صارفین کا حساس ڈیٹا جیسے مقام، IP ایڈریس، ڈیوائس فنگر پرنٹ اور ذاتی معلومات اکٹھا کرتی ہے، وہ بھی بعض اوقات صارف کی واضح اجازت کے بغیر۔ اس باعث اسے خفیہ نگرانی اور پرائیویسی کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا جا رہا ہے۔
فروری 2025 میں ڈیجیٹل حقوق کی ایک تنظیم نے اپنی رپورٹ میں ان خدشات کو نمایاں کیا تھا، جس کے بعد مئی میں ایک کھلے خط کے ذریعے سام سنگ سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ یہ ایپ اپنے فونز میں انسٹال کرنا بند کرے۔ حالیہ ہفتوں میں سوشل میڈیا پر بھی صارفین کی بڑی تعداد نے خاص طور پر مشرقِ وسطیٰ اور ایشیائی خطے سے اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔
دوسری جانب سام سنگ نے اگرچہ Knox Vault جیسے پرائیویسی فیچرز کی تشہیر کی ہے، لیکن AppCloud سے متعلق براہِ راست وضاحت دینے سے گریز کیا ہے، جس نے صارفین کی مایوسی میں مزید اضافہ کیا ہے۔
ماہرین نے تجویز دی ہے کہ صارفین اور ادارے اس ایپ کے نیٹ ورک ٹریفک پر کڑی نظر رکھیں، مشکوک ڈومینز کو بلاک کریں، اور کمپنی کو اس بات پر مجبور کریں کہ صارفین کو اسے مکمل طور پر ان انسٹال کرنے کا اختیار دیا جائے۔
