خیبرپختونخوا میں 2 بڑی کارروائیاں: کوہاٹ پولیس لائنز حملے کا ماسٹر مائنڈ اور 10 دہشت گرد ہلاک

ہلاک دہشت گرد زاہد گل نے پرانی کوہاٹ پولیس لائنز پر خود کش حملے میں بارود سے بھری گاڑی کی خود رہنمائی کی تھی: سی ٹی ڈی

خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور سیکیورٹی فورسز کے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران کوہاٹ پولیس لائنز خودکش حملے کا ماسٹرمائنڈ اہم دہشت گرد کمانڈر زاہد گل ہلاک ہوگیا ہے جب کہ اورکزئی اور خیبر کے سرحدی علاقے میں پولیس اور فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کے آپریشن کے دوران 10 دہشت گرد مارے گئے ہیں۔

جمعے کے روز خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں سی ٹی ڈی اور سیکیورٹی فورسز نے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، آپریشن کے دوران اہم دہشت گرد کمانڈر زاہد گل مارا گیا۔

سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا کے مطابق ہلاک دہشت گرد کا تعلق گل بہادر گروپ سے تھا اور وہ کوہاٹ پولیس لائنز پر خود کش حملے کا مرکزی ماسٹر مائنڈ تھا، جس نے پرانی کوہاٹ پولیس لائنز پر خود کش حملے میں بارود سے بھری گاڑی کی خود رہنمائی کی تھی۔

سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ زاہد گل دہشت گردی کے متعدد سنگین واقعات میں سیکیورٹی فورسز کو انتہائی مطلوب تھا، وہ بلی تنگ بینک ڈکیتی کے دوران خود موقع پر موجود تھا، جہاں سے 60 لاکھ روپے لوٹے گئے تھے، ڈکیتی کی رقم بکاخیل اور جانی خیل میں بنوں کی دہشت گرد تشکیلوں میں تقسیم کی گئی تھی۔

سی ٹی ڈی کے مطابق زاہد گل گل بہادر گروپ سے قریبی رابطے میں تھا اور کوہاٹ میں متعدد خود کش حملہ آوروں کی ترسیل میں بھی ملوث رہا۔

حکام کا مزید کہنا ہے کہ 2 ماہ قبل زاہد گل نئی کوہاٹ پولیس لائنز پر حملے کے لیے بھی خود کش حملہ آور لے کر آیا تھا تاہم یہ حملہ ناکام بنا دیا گیا تھا۔

سی ٹی ڈی حکام نے مزید بتایا کہ زاہد گل کے آئندہ اہداف میں کوہاٹ میں پاک فضائیہ (پی اے ایف) کی تنصیبات اور پولیس ٹریننگ اسکول شامل تھے جب کہ اس کے دہشت گرد گروہ کے دیگر کارندے پہلے ہی سیکیورٹی اداروں کی حراست میں ہیں۔

اورکزئی میں پولیس اور ایف سی کا آپریشن، 10 دہشت گرد ہلاک

دوسری جانب اورکزئی اور خیبر کے سرحدی علاقے میں پولیس اور فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) نے دہشت گردوں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کیا، جس کے دوران 10 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق کارروائی کے بعد پولیس نے 2 ہلاک دہشت گردوں کی لاشیں تحویل میں لے کر ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کردیں جب کہ دیگر 8 دہشت گردوں کی لاشیں ان کے ساتھی اپنے ساتھ لے گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اورکزئی اور خیبر کے سرحدی علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف مزید کارروائی جاری ہے تاہم اس آپریشن سے متعلق مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*