حیدرآباد: حیسکو نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے لیے نیپرا کو درخواست دے کر عوام دشمن رویہ اپنایا ہے: ایم کیو ایم اراکینِ اسمبلی

حیدرآباد(بیورورپورٹ)ایم کیو ایم پاکستان کے اراکین سندھ اسمبلی صابر قائم خانی اور راشد خان نے کہا ہے کہ حیسکو نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے لیے نیپرا کو درخواست دے کر عوام دشمن رویہ اپنایا ہے جب کہ ادارے میں انتظامی اصلاحات کی اشد ضرورت ہے۔حیدرآباد پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے صابر قائم خانی نے کہا کہ حیسکو کی جانب سے نیپرا کو بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی درخواست سراسر عوام دشمن ہے جسے وہ مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہری پہلے ہی 44 روپے فی یونٹ کے حساب سے بجلی کے بل ادا کرنے پر مجبور ہیں، ایسی صورتحال میں مزید اضافہ عوام کے لیے بڑا عذاب ثابت ہوگا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ حیسکو کو ایک پارٹ ٹائم چیف ایگزیکٹو آفیسر چلا رہا ہے جبکہ ادارے میں مستقل سی ای او کی تعیناتی کی فوری ضرورت ہے۔ انہوں نے شکایت کی کہ وفاقی وزیر پانی و بجلی اور سیکرٹری بجلی نے آج تک حیدرآباد کا دورہ نہیں کیا جبکہ شہر میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ اس موقع پر ایم پی اے راشد خان نے وفاقی وزارت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیر بادشاہت کی طرح وزارت چلا رہے ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ گزشتہ ایک سال سے حیسکو میں کوئی بورڈ آف گورنر نہیں ہے جس کی وجہ سے ادارے کے انتظامی امور پر سنگین سوالات اٹھ رہے ہیں۔ راشد خان نے وزیر اعظم شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ وہ وزارت پانی و بجلی اور حیسکو کی کارکردگی کا فوری نوٹس لیں، ادارے میں انتظامی اصلاحات لائیں اور حیدرآباد کے عوام کو غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور بجلی کے بلند بلوں کے عذاب سے نجات دلائیں۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*