
کراچی: سندھ بھر میں جمعتہ الوداع کے موقع پر سیکیورٹی ہائی الرٹ رکھنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے فول پروف انتظامات کی ہدایت کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے جمعتہ الوداع کے مقدس موقع پر صوبے بھر میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
صوبائی دارالحکومت کراچی سمیت تمام اضلاع میں مساجد اور امام بارگاہوں کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے خصوصی پلان نافذ کر دیا گیا ہے۔
وزیرِ داخلہ نے ہدایت کی ہے کہ نمازِ جمعہ کے بڑے اجتماعات کے لیے پولیس کی اضافی نفری تعینات کی جائے اور تمام حساس مقامات کی سی سی ٹی وی (CCTV) مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے گی، جبکہ اسنیفر ڈاگز اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی الرٹ رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔
صوبے کے حساس اضلاع میں داخلی اور خارجی راستوں پر چیکنگ کا عمل سخت کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
ضیا الحسن لنجار نے ٹریفک حکام کو ہدایت کی ہے کہ بڑے اجتماعات کے دوران شہریوں کی سہولت کے لیے جامع ٹریفک پلان ترتیب دیا جائے تاکہ سڑکوں پر روانی برقرار رہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری جوابی کارروائی کے اقدامات مکمل رکھے جائیں۔
وزیرِ داخلہ نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے گردونواح پر نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک شخص یا شے کی اطلاع فوری طور پر پولیس ہیلپ لائن پر دیں ، سیکیورٹی کی کامیابی میں عوام کا تعاون کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
صوبائی وزیر نے علماء کرام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اپنے خطبات میں امن، رواداری اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔
