
وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین سے آئی ایل او کے ڈائریکٹر جنرل گلبرٹ ایف ہونگبو کی ملاقات، پاکستان اور آئی ایل او کے درمیان تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز و انسانی وسائل کی ترقی چوہدری سالک حسین سے انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن (آئی ایل او) کے ڈائریکٹر جنرل گلبرٹ ایف ہونگبو نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیر مملکت برائے سمندر پار پاکستانیز و انسانی وسائل کی ترقی محمد عون چوہدری،وفاقی سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری ،سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ ذولفقار احمد اور مزدور یونین اور ایمپلائرز کی نمائندہ تنظیموں کے عہدیداران بھی موجود تھے۔
وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے آئی ایل او کے ڈائریکٹر جنرل گلبرٹ ایف ہونگبو کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ تین دہائیوں بعد آئی ایل او کے ڈائریکٹر جنرل کا پاکستان کا دورہ خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آئی ایل او کے درمیان دیرینہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔
چوہدری سالک حسین نے کہا کہ پاکستان آئی ایل او کے سہ فریقی نظام اور سماجی مکالمے کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور جنیوا میں آئی ایل او کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آئی ایل او کی گورننگ باڈی میں ڈپٹی ممبر کی حیثیت سے دوبارہ فعال کردار ادا کرنے کا خواہاں ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان نے 2022 کے آئی ایل او انتخابات میں بھی گلبرٹ ایف ہونگبو کی حمایت کی تھی اور اگر آئندہ انتخابات میں حمایت طلب کی گئی تو پاکستان ان کی دوبارہ انتخاب کے لیے حمایت کرے گا۔ انہوں نے گلبرٹ ایف ہونگبو کی قیادت میں آئی ایل او کی اہم کامیابیوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ گلوبل کولیشن فار سوشل جسٹس میں 400 سے زائد شراکت دار شامل ہو چکے ہیں، جبکہ پاکستان روزگار، ہنرمندی اور سماجی تحفظ کے شعبوں میں اس عالمی اقدام میں فعال کردار ادا کرے گا۔
چوہدری سالک حسین نے کہا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم ورکرز کے حقوق کے تحفظ کے لیے آئی ایل او کنونشن نمبر 193 اہم پیش رفت ہے۔ پاکستان کی بڑی فری لانس اور ڈیجیٹل ورک فورس کو مناسب مزدور تحفظ فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ محفوظ، منصفانہ اور باوقار امیگریشن پاکستان کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ منصفانہ بھرتی، مزدوروں کی نقل مکانی اور کارکنوں کے تحفظ کے لیے آئی ایل او کے ساتھ تعاون جاری رکھا جائے گا۔ پاکستان روزگار کے فروغ، ہنرمندی اور مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے آئی ایل او کے ساتھ تعاون کو مزید بڑھانے کا خواہاں ہے۔
ملاقات کے دوران پاکستانی افرادی قوت کو عالمی معیار کے مطابق ہنرمند بنانے اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تربیت فراہم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ آئی ایل او کی جانب سے پاکستانی افرادی قوت کی مہارتوں میں بہتری اور عالمی روزگار کی منڈی میں پاکستانی ورکرز کے لیے بہتر مواقع پیدا کرنے میں تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔
اس موقع پر آئی ایل او کے ڈائریکٹر جنرل گلبرٹ ایف ہونگبو نے کہا کہ آئی ایل او پاکستان کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے آئی ایل او میں ہمیشہ مؤثر اور فعال کردار ادا کیا ہے اور آئی ایل او کے پلیٹ فارم سے کامیاب سفارت کاری اور تعاون کو فروغ دیا ہے۔
گلبرٹ ایف ہونگبو نے پاکستانی ورکرز کے لیے عالمی روزگار کی منڈی میں مواقع بہتر بنانے، مزدوروں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
ملاقات کے اختتام پر وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین اور آئی ایل او کے ڈائریکٹر جنرل گلبرٹ ایف ہونگبو نے مزدور نمائندگان میں مختلف گرانٹس کے چیکس تقسیم کیے۔ اس موقع پر مزدور یونینز کے نمائندگان میں میرج گرانٹ، ڈیتھ گرانٹ اور تعلیمی وظائف کے چیکس بھی تقسیم کیے گئے۔
وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے آئی ایل او کے ڈائریکٹر جنرل گلبرٹ ایف ہونگبو کو یادگاری شیلڈ اور تحائف بھی پیش کیے۔
