
کراچی : وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ ایم ڈی کیٹ والے بچوں کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دوں گا اور کچھ غلط ہوا تو امتحانات دوبارہ ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق ایم ڈی کیٹ امتحانات اور نتائج میں مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات جاری ہیں، اس حوالے سے وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ میری ہدایت پر انکوائری کمیٹی آئی بی اے سکھر گئی تھی، جس کی رپورٹ آئندہ ہفتے ان کی میز پر ہوگی۔
وزیر صحت کا کہنا تھا کہ انکوائری رپورٹ سامنے آنے کے بعد ایم ڈی کیٹ امتحانات سے متعلق اصل حقائق واضح ہو جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ طلبہ کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دیں گے، اگر امتحانات میں کوئی بے ضابطگی ثابت ہوئی تو امتحانات دوبارہ منعقد کیے جائیں گے۔
یاد رہے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے ایم ڈی کیٹ کا سوالیہ پرچہ جاری کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا تھا کہ ٹاپ ہنڈریڈ بچوں کے انٹرویو کیے جائیں، سندھ میں امتحانی چیکنگ کے نظام کا سائنسی آڈٹ کرایا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایم ڈی کیٹ امتحانات میں مبینہ پیپر لیک، بدترین نیپوٹزم، فیورٹزم اور کراچی کے طلبہ کے حقوق کی پامالی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ آئی بی اے سکھر اور سندھ حکومت کراچی کے نوجوانوں کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کر رہی ہیں۔
