
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹیمیں جڑ پکڑنے والے ‘پٹہ سسٹم’ کے خلاف اینٹی کرپشن نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈائریکٹر اویس حسین کے ماتحت بلڈنگ انسپکٹر لطافت مرزا کو لیاقت آباد میں ایک شہری سے بھاری رقم بھتہ لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا ہے؛ رپورٹ کے مطابق اویس حسین، جنہیں پٹہ سسٹم کے بانیوں میں شمار کیا جاتا ہے، جہاں بھی تعینات رہے وہاں بدعنوانی، قتل و غارت اور گرفتاریوں کی تاریخ رقم ہوئی، مگر وہ خود ہمیشہ قانونی کارروائی سے بچ نکلنے میں کامیاب رہے۔ ماضی میں 2022 کے دوران ناظم آباد میں ان کے پرائیویٹ کارندوں کی بدتمیزی پر ہونے والی فائرنگ سے ایک ہلاکت ہوئی اور 2024 میں ضلع جنوبی میں ان کے ماتحت افسران کی گرفتاری کے باوجود وہ اس دھندے کو جاری رکھے ہوئے ہیں؛ حالیہ گرفتاری نے ایک بار پھر اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان کھڑا کر دیا ہے کہ آخر وہ کون سی بااثر قوتیں ہیں جو ایسے افسران کو مسلسل تحفظ فراہم کر رہی ہیں۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ایس بی سی اے کے اس کرپٹ نظام نے کراچی کو کنکریٹ کا بے ہنگم جنگل بنا کر بنیادی سہولیات سے محروم کر دیا ہے، مگر قانون نافذ کرنے والے ادارے صرف شاخیں تراشنے تک محدود ہیں اور اس کرپشن کی اصل جڑ کو کاٹنے میں ناکام نظر آتے ہیں، جس سے شہریوں میں عدم تحفظ اور مایوسی بڑھ رہی ہے۔
