
اسلام آباد (25 اپریل 2026): ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے دورہ پاکستان کے بعد اگلے 48 گھنٹے میں امریکا ایران مذاکرات کا امکان ہے۔
ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی قیادت میں وفد کا دورہ پاکستان مثبت رہا، وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈمار شل عاصم منیر سے ملاقاتوں کے نتائج مثبت رہے، ملاقاتوں کے نتیجے میں 48 گھنٹے میں امریکا ایران مذاکرات کے اگلے دور کا امکان ہے۔
عباس عراقچی اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ملاقات
واضح رہے کہ ایرانی وزیر خارجہ نے مختصر وفد کے ہمراہ پاکستان کا دورہ کیا، عباس عراقچی کی دورے کے پہلے مرحلے میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات ہوئی جس میں قومی سلامتی کے امور اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی سفارتخانے کے مطابق اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں مشیر قومی سلامتی جنرل عاصم ملک، وزیر داخلہ محسن نقوی سمیت اعلیٰ پاکستانی حکام اجلاس میں شریک ہوئے۔
ایرانی نائب وزیر خارجہ غریب آبادی اور ایرانی سفیر بھی ملاقات میں موجود تھے۔ ملاقات میں پاک ایران تعلقات، سکیورٹی اور باہمی تعاون پر گفتگو کی گئی۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی و سفارتی روابط مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔ علاقائی امن و استحکام کے فروغ کیلئے مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
ایرانی وفد کی وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات
وزیر اعظم شہباز شریف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ اسلام آباد میں ایرانی وفد سے ملاقات پر خوشی ہوئی، وفد سے موجودہ علاقائی صورتحال پر خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں تبادلہ خیال ہوا۔
شہباز شریف نے لکھا کہ پاکستان اور ایران کے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر بھی گفتگو کی گئی۔
حکومتِ پاکستان اور فیلڈ مارشل کے پُر خلوص کردار کی تعریف
قبل ازیں، ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے جنگ بندی اور تنازع کے خاتمے کیلیے پاکستانی حکومت اور خاص کر فیلڈ مارشل عاصم منیر کے پُر خلوص کردار کی بھرپور تعریف کی۔
ایرانی میڈیا کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایرانی قیادت کو یقین دلایا کہ پاکستان اس وقت تک صلح کی کوششیں جاری رکھے گا جب تک یہ معاملہ مکمل طور پر حل نہیں ہو جاتا۔
