
کراچی (کرائم رپورٹر)
پاکستان رینجرز (سندھ) نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے شہر کے علاقے زیبو گوٹھ بلوچ کالونی، اورنگی ٹاؤن میں جرائم پیشہ “دارو گروہ” کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے گروہ کے 5 اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق گرفتار ملزمان میں اصغر عرف باغیچہ، عبدالوحید عرف سنیل، ظہور عرف علی، گلزار عرف کُراڑو اور عرفان علی شامل ہیں، جو ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔ ملزمان کے قبضے سے 3 موبائل فون اور نقدی بھی برآمد کر لی گئی ہے۔ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ اورنگی ٹاؤن،اور ملحقہ علاقوں میں ڈکیتی، اسٹریٹ کرائم، اور غیر قانونی اسلحہ کی خرید و فروخت جیسے سنگین جرائم میں سرگرم رہے۔رینجرز حکام کے مطابق ملزمان نے دورانِ تفتیش اعتراف کیا کہ وہ گزشتہ 3 سے 4 برسوں میں 200 سے زائد موٹرسائیکلیں، 300 سے 400 موبائل فونز اور تقریباً 50 سے 60 لاکھ روپے چھیننے کی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔ چھینا گیا سامان شہر کے مختلف علاقوں میں سستے داموں فروخت کیا جاتا تھا۔مزید انکشافات میں یہ بھی سامنے آیا کہ ملزمان عبدالوحید عرف سنیل اور ظہور عرف علی نے اورنگی ٹاؤن میں دو الگ الگ ڈکیتیوں کے دوران مزاحمت پر ایک خاتون اور ایک تاجر کو گولیاں ماریں، جو بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے۔رینجرز کے مطابق یہی ملزمان اسٹریٹ کرائم کے ساتھ ساتھ دیگر جرائم پیشہ عناصر کو غیر قانونی اسلحہ فراہم کرنے میں بھی ملوث تھے۔ گروہ کے دو دیگر ملزمان پہلے ہی پولیس کی تحویل میں ہیں جبکہ باقی ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔گرفتار ملزمان کو برآمد شدہ سامان سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
