
وفاقی دارالحکومت میں غیر ملکی وفود کی آمد کے پیشِ نظر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جس کے تحت ریڈ زون اور اس کا توسیعی علاقہ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق کورال سے زیرو پوائنٹ تک ایکسپریس وے بند رہے گی جبکہ سری نگر ہائی وے پر بھی مختلف اوقات میں ٹریفک روکی جا سکتی ہے۔
شہر کی تمام شاہراہوں پر ہیوی ٹریفک کا داخلہ تاحکمِ ثانی ممنوع قرار دیا گیا ہے اور ٹرانسپورٹ مالکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی دقت سے بچنے کے لیے ان دنوں اسلام آباد کی طرف سفر کرنے سے گریز کریں۔
شہریوں کی سہولت کے لیے جاری کردہ متبادل ٹریفک پلان کے مطابق جی 5، جی 6، جی 7، ایف 6 اور ایف 7 کے رہائشی راولپنڈی آنے جانے کے لیے مارگلہ روڈ سے نائنتھ ایونیو کا راستہ اختیار کریں۔
جبکہ فیصل ایونیو اور زیرو پوائنٹ سے آنے والی ٹریفک کو بھی نائنتھ ایونیو کی طرف موڑ دیا جائے گا۔ اگر زیرو پوائنٹ سے کورال چوک تک کا راستہ بند ہو تو شہری سری نگر ہائی وے سے نائنتھ ایونیو، اسٹیڈیم روڈ، مری روڈ اور راول روڈ کے ذریعے اپنی منزل تک پہنچ سکتے ہیں۔
اسی طرح پارک روڈ یا کلب روڈ کی بندش کی صورت میں ٹریفک کو ترامڑی چوک کی جانب بھیجا جائے گا، جبکہ بھارہ کہو کے رہائشی کورنگ روڈ، بنی گالہ اور لہتراڑ روڈ استعمال کر سکیں گے۔
راولپنڈی کے صدر علاقے سے اسلام آباد آنے والے شہریوں کو کرنل شیر خان روڈ، فقیر ایپی روڈ یا نائنتھ ایونیو استعمال کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ ہیوی ٹریفک کے لیے خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں جس کے تحت پشاور سے لاہور جانے والی گاڑیاں ٹیکسلا سے موٹروے، چکری انٹرچینج اور چک بیلی روڈ کا راستہ استعمال کرتے ہوئے روات جی ٹی روڈ پر جا سکیں گی۔
جبکہ لاہور سے پشاور جانے والی ہیوی ٹریفک روات سے چک بیلی روڈ اور چکری انٹرچینج کے ذریعے موٹروے پر سفر کرے گی۔ انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ تازہ ترین معلومات کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس کے واٹس ایپ چینل، سوشل میڈیا پیجز اور ایف ایم 92.4 سے جڑے رہیں۔
