آپ کو عام نزلہ زکام ہے یا سپر فلو؟ دونوں میں فرق کرنے والی علامات کے بارے میں جانیں

گزشتہ دنوں دنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے والے سپر فلو وائرس کی پاکستان میں بھی موجودگی کا انکشاف ہوا تھا۔

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق فلو کی نئی قسم A(H3N2) کے ذیلی گروپ ’سب کلاڈ K‘ کے باعث برطانیہ سمیت کئی یورپی ممالک میں انفلوئنزا کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔

پاکستان میں بھی سپر فلو انفلوائنز کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے اور اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ 20 فیصد نمونوں میں وائرس کی نئی قسم A(H3N2) کے ذیلی گروپ ’سب کلاڈ K‘ کی موجودگی پائی گئی۔

اس وائرس کو سپر فلو اس کے لیے کہہ رہے ہیں کہ پوری دنیا میں جو متوقع تعداد ہوتی ہے اس سے زیادہ تعداد میں لوگ متاثر ہو رہے ہیں اور دوسری وجہ یہ بھی ہے کہ وائرس میں بھی کچھ تبدیلیاں آئی ہیں۔

مگر فلو کے ساتھ ساتھ عام نزلہ زکام بھی سرد موسم میں عام ہو جاتا ہے اور ان دونوں امراض میں فرق کرنا چیلنج ثابت ہوتا ہے۔

تو ان دونوں میں موجود فرق کو سمجھنے سے صحت کو تحفظ فراہم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

فلو یا عام نزلہ زکام کس وجہ سے ہوتا ہے؟

عام نزلہ زکام اور فلو دونوں ہی نظام تنفس کے امراض ہیں مگر مختلف وائرسز سے ہوتے ہیں۔

عام نزلہ زکام کا باعث بننے والے وائرسز عموماً rhinovirus ہوتے ہیں جبکہ فلو انفلوائنزا وائرسز، عمومی طور پر انفلوائنزا اے اور بی کا نتیجہ ہوتا ہے۔

ایسا بھی ممکن ہے کہ کوئی فرد بیک وقت فلو اور عام نزلہ زکام کا شکار ہو جائے اور سرد موسم میں ان سے متعلق وائرسز زیادہ متحرک ہوتے ہیں۔

کیا یہ دونوں ایک طرح ہی پھیلتے ہیں؟

عام نزلہ زکام اور فلو دونوں امراض بہت زیادہ متعدی ہوتے ہیں جو مریض سے براہ راست تعلق، کھانسی، چھینک یا سانس کے دوران خارج ہونے والے ذرات سے ایک سے دوسرے فرد تک منتقل ہوسکتے ہیں۔

اسی طرح مریض کے زیر استعمال اشیا کو چھونے اور پھر ہاتھوں کو چہرے پر لگانے سے بھی ان کا سامنا ہوسکتا ہے۔

دونوں کی بنیادی علامات کیا ہیں اور کیسے نزلہ زکام اور فلو میں فرق کیسے کریں؟

عام نزلہ زکام میں ناک بہنے یا بند ہونے، چھینکیں، گلے کی سوجن، معمولی کھانسی اور معمولی تھکاوٹ جیسی علامات کا سامنا ہوتا ہے۔

اس کے مقابلے میں فلو میں اچانک بخار، بہت زیادہ تھکاوٹ اور نقاہت، مسلز اور جوڑوں میں تکلیف، سر درد، خشک کھانسی، ٹھنڈ لگنا (کپکپی اور ٹھنڈے پسینے جیسے احساسات)، کھانے کی اشتہا کم ہو جانا اور کبھی کبھار ہیضہ جیسی علامات سامنے آتی ہیں۔

عام نزلہ زکام کے مقابلے میں فلو میں نمایاں فرق یہ ہوتا ہے کہ اس کی علامات اچانک نمودار ہوتی ہیں اور ان کی شدت بہت زیادہ ہوتی ہے جبکہ نزلہ زکام کی علامات کی شدت معمولی ہوتی ہیں اور وہ بتدریج نمودار ہوتی ہیں۔

ان دونوں سے دیگر پیچیدگیوں جیسے کانوں کے انفیکشن، سینے کے انفیکشن یا پہلے سے موجود دیگر امراض کی شدت بدتر ہوسکتی ہے۔

نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*