دوست ممالک کے تعاون کے بعد IMF کے ساتھ جلد معاملات طے ہوجائینگے
معیشت بحالی کی طرف گامزن ہوگی، ملک ڈیفالٹ نہیں کریگا، وزیرخزانہ کا دعویٰ
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ایک بار پھر قوم کو تسلی دی ہے کہ معیشت کی بہتری کے لیے آئی ایم ایف سے جلد معاملات طے پا جائیں گے۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے غیر ملکی سفرا کے اعزاز میں دی گئی افطار ڈنر پارٹی میں بہ طور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ دوست ممالک کے تعاون کے بعد آئی ایم ایف کے ساتھ جلد معاملات طے پا جائیں گے جس سے موجودہ مشکلات پر قابو پانے میں مدد ملے گی اورمعیشت بحالی کی طرف گامزن ہوگی۔وزیرخزانہ نے کہا کہ 2016 میں پاکستان دنیا کی 24ویں بڑی معیشت تھی اورہم جی ٹوینٹی میں شامل ہونے کا سوچ رہے تھے لیکن اس وقت ہماری معیشت کو سنگین معاشی چیلنجز کا سامنا ہے۔اسحاق ڈار نے دعویٰ کیا کہ پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر ڈالنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ نے سفرائ کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام کرنے پر آئی سی سی آئی کے اقدام کو سراہا۔