
ناجائز منافع خوری کی بڑھتی شکایات پرکراچی میں سبزی اور پھلوں کی قیمتیں کنٹرول کرنے کیلئے انتظامیہ ایکشن میں آگئی
مقررہ نرخوں سے زائد قیمت پر اشیا فروخت کرنے والوں کے خلاف موقع پر کارروائی، جرمانوں کے ساتھ سخت وارننگ جاری کردی گئی
رمضان المبارک میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں کو متوازن رکھا جائے، عام آدمی کو سہولت فراہم کی جائے ، ڈپٹی کمشنر ایسٹ کے احکام
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ناجائز منافع خوری کی بڑھتی ہوئی شکایات کے بعدکراچی میں رمضان المبارک میں سبزی اور پھلوں کی قیمتیں کنٹرول کرنے کے لیے انتظامیہ ایکشن میں آگئی ہے۔دکان داروں کی جانب سے منڈی سے پھل اور سبزیاں مہنگی ملنے کے تاثر کو ختم کرنے کے لیے ڈپٹی کمشنر سبزی منڈی پہنچ گئے جبکہ مختلف مارکیٹوں اور بازاروں میں انتظامی نمائندوں نے چھاپے مارکر قیمتوں کا جائزہ لیا اور منافع خوری پر سخت وارننگ جاری کی ہے۔ڈپٹی کمشنر ایسٹ تبریز صادق مری نے اچانک سبزی منڈی کا دورہ کیا اور پھلوں اور سبزیوں کی نیلامی کے مراحل کا جائزہ لیا۔حکام کے مطابق اس دوران تبریز صادق مری نے مختلف جگہوں پر قیمتوں کے حوالے سے باز پرس کی۔ڈپٹی کمشنر نے دکانداروں کو ہدایت کی کہ رمضان المبارک میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں کو متوازن رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ تاجر اور آڑھتی ایسے عوامل پر کارفرما ہوں جس کے اثرات کم قیمت کی شکل میں عام آدمی تک پہنچیں۔واضح رہے کہ مختلف علاقوں سے پھلوں اور سبزیوں کے علاوہ دیگر کھانے پینے کی اشیا کی قیمتیں بھی زیادہ ہونے کی شکایات سامنے ا?رہی ہیں۔