اسلام آباد ایکسپریس وے پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے مذہبی جماعت کے رہنما اپنے ساتھی سمیت جاں بحق ہوگئے۔
اسلام آباد کے تھانہ کھنہ کی حدود میں منگل کی صبح ایکسپریس وے سے ملحقہ سروس روڈ پر نامعلوم موٹر سائیکل سوار ایک گاڑی پر فائرنگ کرکے فرار ہوگئے۔
فائرنگ کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 2 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
دونوں لاشوں کو امدادی کارکنوں نے قریبی اسپتال پہنچایا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے ایک شخص کی شناخت کمال حسین کے نام سے ہوئی ہے جو اہلسنت والجماعت شکریال یونٹ کے سیکرٹری اطلاعات تھے۔
جاں بحق ہونے والا دوسرا شخص کمال حسین کا ساتھی ہے۔
آئی جی اسلام آباد محمد احسن یونس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی رورل زون رپورٹ طلب کرلی ہے۔
ایس پی رورل ضیاء الدین نے جائے وقوعہ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ سابقہ دشمنی کا شاخسانہ ہے، پولیس نے جائے وقوعہ سے فرانزک شواہد اکٹھے کرلئے ہیں، واقعے میں ملوث ملزمان کا جلد سراغ لگا کر انہیں گرفتار کرلیا جائے گا۔
دوسری جانب پولیس نے وفاقی دارالحکومت اور جڑواں شہر راولپنڈی میں امن و امان کی صورت حال کو برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی انتظامات کو الرٹ کردیا ہے۔