اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہےکہ انشااللہ تحریک عدم اعتماد آئے گی اور ماحول جلد تبدیل ہوگا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نام نہاد احتساب کے نام پر کیس کو چوتھا سال ہے، ہم 4 سال سے کیس بھگت رہے ہیں اور جج بھی پریشان ہیں، ہم تو ہر پیشی پر آتے ہیں اور کہتے ہیں کیمرے لگائیں۔
لیگی رہنما نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد لائی جاتی ہے اور نمبر پورے ہو جائیں گے، انشااللہ تحریک عدم اعتماد آئے گی، تحریک عدم اعتماد کی تشہیر نہیں کی جاتی، یہ تب لائی جاتی ہے جب نمبر گیم مکمل ہوں، انشااللہ جلد ماحول تبدیل ہوگا۔
ان کا کہنا تھاکہ کون سا محکمہ نہیں جس میں کرپشن نہیں ہو، ادویات اسکینڈل چینی، گندم سمیت درجنوں اسکینڈلز ہیں، جو لوگ اربوں روپے کھا گئے ان سے بھی حساب ہوگا۔
شاہد خاقان نے مزید کہا کہ اداروں کے افسران کو کہوں گا کہ قانون کے دائرے میں رہیں کیونکہ آرڈیننس ختم بھی ہوسکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں نے ملک کا ہر محکمہ تباہ کردیا ہے، دنیا میں 16 ممالک کو پاکستان نے کرپشن میں پیچھے چھوڑ دیا، یہ رفتار رہی تو عمران خان کی حکومت دنیا کی نمبر ون کرپٹ حکومت ہوگی۔