
حکومت نے آئی ایم ایف کی شرط پر بجلی صارفین پر 76 ارب کا اضافی بوجھ ڈال دیا
سرچارج نافذکرنے کا نوٹیفکیشن جاری ، صارفین سے 14 روپے 24 پیسے فی یونٹ اضافی رقم 8 ماہ تک وصول کی جائےگی
نیپرا نے کراچی کےلیے بجلی ایک روپے 71 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی، منظور کیا گیا اضافہ مارچ کے بل میں وصول کیا جائے گا
اسلام آباد:(مانیٹرنگ ڈیسک )آئی ایم ایف کی ایک اور شرط پوری کرنے کے لیے حکومت نے بجلی صارفین پر 76 ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈال دیا۔اطلاعات کے مطابق آئی ایم ایف کی شرط کو پورا کرنے کیلیے حکومت نے بجلی صارفین پر 3 روپے 39 پیسے فی یونٹ کا سرچارج عائد کیا جس کا وزارت توانائی نے باضابطہ نوٹی فکیشن جاری کردیا۔نوٹی فکیشن کے مطابق سرچارج صارفین سے مارچ سے جون 2023 کے دوران وصول کیا جائے گا، مجموعی سرچارج بڑھ کر3 روپے 82 پیسے فی یونٹ ہوجائے گا جبکہ اس وقت بجلی صارفین پہلے ہی43 پیسے فی یونٹ سرچارج ادا کررہے ہیں۔سرچارج کا اطلاق کے الیکڑک صارفین پر بھی ہوگا، جون2023 تک بجلی صارفین سے تقریبا 76 ارب روپے اضافی وصول کئے جائیں گے۔اس سے قبل نیپرا نے کے الیکٹرک صارفین کیلیے سرچارج نافذ کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کیا، جس کے مطابق صارفین سے 14 روپے 24 پیسے فی یونٹ اضافی رقم 8 ماہ تک وصول کی جائے گی۔نیپرا کے مطابق دو سو یونٹ استعمال کرنے والے پروٹیکٹو صارفین سے 8 ماہ میں 89 پیسہ سے دو روپے فی یونٹ اضافی وصول کیے جائیں گے، دو سو یونٹ تک استعمال کرنے والے نان پروٹیکٹو صارفین سے 79 پیسہ تا دو روپے 75 پیسے فی یونٹ اضافی وصول کیے جائیں گے۔اسی طرح 300 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین سے بھی 79 پیسہ سے دو روپے 75 پیسے فی یونٹ اضافی وصول کیے جائیں گے۔دریں اثنا کے الیکٹرک صارفین کے لیے 13 روپے 87 پیسے فی یونٹ تک اضافے کا نوٹی فکیشن جاری کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں نیپرا نے کراچی کے لیے بجلی ایک روپے 71 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی، جنوری کے لیے منظور کیا گیا اضافہ مارچ کے بل میں وصول کیا جائے گا ،نیپرا نے کراچی کے لیے جنوری میں استعمال کی گئی بجلی کے اضافی نرخ وصول کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔ جنوری کے بل میں فی یونٹ ایک روپیہ 71 پیسے اضافی وصول کیے جائیں گے۔ قیمت میں یہ اضافہ جنوری کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے جسے کراچی کے بجلی صارفین سے مارچ کے بل میں وصول کیا جائے گا۔اسی طرح ملک بھر کے بقیہ صارفین کے لیے بھی بجلی مہنگی کی گئی ہے تاہم ان سے جنوری کے لیے فی یونٹ 48 پیسے زائد وصول کیے جائیں گے۔ ان کے لیے بھی بجلی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مہنگی کی گئی ہے۔