
نواز شریف نے اپنا فیصلہ اللہ پر چھوڑ دیا، اب ہر کوئی سچ بولے گا، کل ڈیم والے بابانے آدھا سچ بول دیا، مریم نواز
ثاقب نثار کہتا ہے کہ مرنے کے بعد کتاب شائع کروں گا ،عوام پوچھتے ہیں اس وقت موت یاد نہیں تھی جب بے گناہوں کو سزا دی
عمران کیخلاف جب سے مقدمات شروع ہوئے گھر سے نہیں نکلا، گھر کے لینٹر کھل جاتے ہیں، 5 ماہ سے ٹانگ کا پلاستر نہیں کھل رہا
کہتا ہے معذور ہوں، بزرگ ہوں، کیا 72 سال کے بزرگ کو جیل میں ڈالو گے؟ بزرگ چوری کرسکتا ہے تو جیل کیوں نہیں جاسکتا
شیخو پورہ (نیوز ڈیسک )مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف کے خلاف سازش کرنے والوں کو اللّٰہ نے دنیا میں ہی ذلیل کر دیا۔شیخوپورہ میں جلسہ عام سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ کوئی رہ تو نہیں گیا، جس نے نواز شریف کے خلاف سازش کی ہو اور ذلت و رسوائی اس کا مقدر نہ بنی ہو۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے اپنا فیصلہ اللّٰہ پر چھوڑ دیا ہے، ہر ایک سچ بولے گا کہ ن لیگی قائد کے ساتھ زیادتی کی گئی۔مریم نواز نے مزید کہا کہ جو رہ گیا ہے وہ منہ سے خود بولے گا، ہر کوئی سچ بولے گا، کل سازش کا بہت بڑا کردار ثاقب نثار اپنے منہ سے بول اٹھا۔ان کا کہنا تھا کہ سازش کا ایک بہت بڑا کردار ڈیم والا بابا رحمت اب بابا زحمت ثابت ہوا، ڈیم والا بابا کل کہہ رہا تھا کہ نواز شریف کو اس لیے نااہل کیا کہ کچھ لوگوں کا خیال تھا کہ وقت کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ تم نے کسی کے خیال پر انصاف کرنا تھا یا قانون اور آئین پر انصاف کرنا تھا ،یہ آج بھی پورا سچ نہیں بول رہا یہ پورا سچ بولے گا کہ یہ لوگ کون تھے۔اب ثاقب نثار کہتا ہے کہ مرنے کے بعد کتاب شائع کروں گا اس میں سچ لکھوں گا.انہوں نے کہا کہ عوام پوچھتے ہیں اس وقت موت یاد نہیں تھی جب بے گناہوں کو سزا دی، اس وقت موت یاد نہیں تھی جب تم نے تحریک انصاف کی الیکشن مہم چلائی۔مریم نواز نے کہا کہ ثاقب نثار کہتے ہیں میرا واٹس ایپ ہیک ہوگیا، پول کھلنے لگا ہے تو واٹس ایپ ہیک ہو گیا، واٹس ایپ ہیک نہیں ہوا تمہارے فیصلوں کی وجہ سے پاکستان کی ترقی ہیک ہوئی۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو صادق اور امین کی سرٹیفکیشن دینے والا ثاقب نثار کہتا ہے میں نے پورا سرٹیفکیٹ نہیں دیا، پوچھتی ہوں یہ آدھا سرٹیفکیٹ کونسا ہوتا ہے؟انہوں نے کہا کہ جو اپنے ہوش و حواس میں نہیں ہوتا، ا±س کو وزیراعظم کے دفتر میں بٹھادیا گیا، ایک بزدل کو ہمارے سروں پر مسلط کردیا گیا۔مریم نواز نے کہا کہ جب سے مقدمات شروع ہوئے گھر سے نہیں نکلا، گھر کے لینٹر کھل جاتے ہیں، 5 ماہ سے اس کی ٹانگ کا پلاستر نہیں کھل رہا۔ان کا کہنا تھا کہ بہادری نہیں آتی تو تھوڑی سے نواز شریف سے ادھار لے لو، عمران خان کے وکیل نے آج عدالت میں کہا کہ میرا موکل حالت معذوری میں ہے۔ن لیگی چیف نے کہا کہ کینسر کے مریضوں، کمر درد کا مذاق اڑانے والا آج عدالت میں ان بیماریوں کا نام دے رہا ہے، شرم کے مارے جو نام ہم نہیں لے سکتے۔انہوں نے کہا کہ کبھی کہتا ہے معذور ہوں، بزرگ ہوں، کیا 72 سال کے بزرگ کو جیل میں ڈالو گے؟ اگر 72 سال کا بزرگ چوری کرسکتا ہے تو جیل کیوں نہیں جاسکتا۔مریم نواز نے کہا کہ عدالت بلائے تو کہتا ہے ٹانگ ٹوٹی ہوئی ہے، میں معذور ہوں لیکن جب پولیس گھر جائے تو شبلی فراز نے ناٹ اویل ایبل کہہ دیا۔ان کا کہنا تھا کہ الیکشن سے پہلے احتساب ہو گا، پہلے ترازو کے دونوں پلڑے برابر ہوں گے پھر انتخاب ہو گا